حیدرآباد، 20 جنوری (یو این آئی) تین بار کی چمپئن پٹنہ پائریٹس نے پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) کے دسویں سیزن میں جمعہ کو یوپی یودھاس کو 34-31 سے شکست دے دی۔جمعہ کو گچی بوولی انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پٹنہ کے لئے سچن اور منجیت کے چھ چھ پوائنٹس کے علاوہ انکت نے پانچ اور ایم بابو نے چار پوائنٹس لیے۔ یوپی کے لیے شیوم چودھری نے سات پوائنٹس بنائے جب کہ ہتیش اور سمت نے اپنا ہائی فائیو مکمل کیا۔پٹنہ پائریٹس 14 میچوں میں چھٹی جیت کے بعد 37 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جب کہ یوپی یودھاس کو 14 میچوں میں اپنی 10ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب ٹیم کے لیے پلے آف کی راہ مشکل ہو گئی ہے۔پٹنہ پائریٹس نے میچ میں مضبوط شروعات کی اور پانچویں منٹ میں ہی یوپی یودھاس کو آل آؤٹ کرکے پانچ پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔ ‘ریکارڈ بریکرپردیپ نروال اپنی سابق ٹیم کے خلاف پہلے ہاف کے کھیل میں کچھ خاص کمال نہیں کر سکے اور وہ ابتدائی 20 منٹ میں صرف ایک ہی پوائنٹ حاصل کرپائے۔ آٹھویں منٹ میں ڈو آرڈائی میں پردیپ ٹیکل کرلئے گئے اور پٹنہ نے اپنی برتری کو مزید مضبوط کرلیا۔ریڈنگ کے ساتھ ساتھ پٹنہ ڈیفنس میں بھی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا تھا۔ 12ویں منٹ میں ریڈ کرنے آئے شیوم چودھری نے شاندار غوطہ لگاتے ہوئے سپر ریڈ کردیا اور یوپی کو دو پوائنٹس دلادئے۔ لیکن اس کے باوجود پٹنہ کی ٹیم 15ویں منٹ تک 17-12 کے اسکور کے ساتھ پانچ پوائنٹس سے آگے تھی۔
دریں اثنا، تین بار کے سابق چیمپیئن کے لیے، انکت نے شیوم پر سپر ٹیکل کرکے ٹیم کی برتری کو آٹھ پوائنٹس تک بڑھا دیا۔ پردیپ نروال نے بریک پر جانے سے پہلے آخر کار اپنا کھاتہ کھول لیا۔ اس کے ساتھ پٹنہ پائریٹس نے چھ پوائنٹس کی برتری حاصل کرتے ہوئے 21-15 کے اسکور کے ساتھ پہلے ہاف کو ختم کیا۔ 33ویں منٹ تک یوپی کا صرف ایک کھلاڑی میٹ پررہ گیا تھا۔ لیکن سمت نے بونس پلس ریڈ پوائنٹ لے کر یوپی کو آل آؤٹ ہونے سے بچا لیا۔ کھیل کے 35ویں منٹ تک پٹنہ کے پاس سات پوائنٹس کی لیڈ تھی اور اسکور 31-24 تھا۔ اگلے ہی منٹ میں سمت نے ایک بار پھر ریڈ لے کر یوپی کو میچ میں برقرار رکھا۔
37 ویں منٹ تک پٹنہ کی برتری کم ہوکر صرف چار پوائنٹس رہ گئی تھی۔ آخری منٹوں میں میچ کافی سنسنی خیز ہو گیا تھا اور پٹنہ پائریٹس کی برتری صرف دو پوائنٹس کی رہ گئی لیکن ٹیم نے صبر کا مظاہرہ کیا اور اس سیزن میں دوسری بار یوپی کو شکست دی۔