نئی دہلی، 8 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہے دیو دت پڈیکل، پرسدھ کرشنا اور ابھیمنیو ایشوارن وجے ہزارے ٹرافی کے ناک آؤٹ مرحلے میں اورواشنگٹن سندر سیمی فائنل سے تمل ناڈو کی ٹیم میں کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔پڈیکل اور پرسدھ سڈنی سے بدھ کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ روانہ ہوں گے لیکن ابھیمنیو کو ایک دن پہلے ہی ہندوستان آنے کی اجازت مل گئی تھی۔ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے ان کی پرواز کا ٹکٹ ایک دن پہلے ہی بک کرادیا تھا۔ آسٹریلیا سے وہ پہلے سنگاپور اور پھر احمد آباد آئیں گے، اس کے بعد وہ بڑودہ آکر اپنی ٹیم کے ساتھ جڑیں گے۔ ابھیمنیو کے لیے ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ وہ دو ماہ کے بعد کسی میچ کا حصہ ہوں گے۔ انہیں آسٹریلیا میں کسی بھی ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ کے ایل راہل نے بریک کی درخواست کی ہے۔پری کوارٹر فائنل میں بنگال کا مقابلہ ہریانہ سے ہوگا۔ ابھیمنیو آج ٹیم کے ساتھ پریکٹس بھی کریں گے۔ بنگال ٹیم کے ایک اور رکن آکاش دیپ کمر کی معمولی چوٹ کی وجہ سے وجے ہزارے ٹرافی میں نہیں کھیل رہے ہیں۔ اس انجری کے باعث وہ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ گھر واپس آنے کے بعد وہ براہ راست بنگلورو میں سنٹر آف ایکسی لینس جائیں گے۔بڑودہ کے خلاف کوارٹر فائنل میچ سے قبل پرسدھ کرشنا اور پڈیکل کے 10 جنوری تک کرناٹک ٹیم میں شامل ہونے کی امید ہے۔ پڈیکل پرتھ میں ہندوستان کی 295 رنز کی جیت میں ٹیم کا حصہ تھے، لیکن روہت شرما کی ٹیم میں واپسی کے بعد انہیں کسی بھی ٹیسٹ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔