شملہ، 29 دسمبر (یو این آئی) ہماچل پردیش کے بین الاقوامی کبڈی اسٹار اور پدم شری ایوارڈ یافتہ اجے ٹھاکر نے بین الاقوامی کبڈی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے یہ بڑا فیصلہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ کبڈی مقابلے کے دوران کیا۔ اس کا اعلان انہوں نے ویڈیو کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ کافی کبڈی کھیل چکے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔
اجے ٹھاکر نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ اپنی جسمانی چوٹ کو بھی بتایا جس کی وجہ سے وہ اب کھیل جاری نہیں رکھ پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، “اب ملک میں نوجوان کھلاڑی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ہندوستان کا نام اور بھی بلند کریں گے۔اجے ٹھاکر نے ہندوستانی کبڈی کو بین الاقوامی سطح پر ایک ریڈر کے طور پر نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ وہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان بھی تھے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے لیے جانے جاتے تھے۔ ان کی شاندار کارکردگی کے لیے انھیں حکومت ہند کی طرف سے پدم شری اور ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فی الحال وہ ہماچل پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے طور پر تعینات ہیں اور اونا میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنے کھیل کیرئیر سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اجے ٹھاکر کھیلوں سے جڑے رہیں گے۔ دبھوٹہ میں ان کی کوہ نور اسپورٹس کبڈی اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ ان کا مقصد نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے لیے تیار کرنا ہے۔اجے ٹھاکر ملبورن میں آسٹریلیائی حکومت کے زیر اہتمام کبڈی مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان کے طور پر کھیل رہے تھے۔ ہفتہ کو میچ کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ ان کے اعلان کے بعد کھیلوں کی دنیا سے وابستہ لوگ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے تعاون کو یاد کر رہے ہیں۔