کراچی، 25 اپریل (یو این آئی) پاکستان خواتین ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے فوری طور پر تمام فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ معروف نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے اس کھیل سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے جو مجھے سب سے زیادہ پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ چیلنجوں، فتوحات اور ناقابل فراموش یادوں سے بھرا ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے کنبہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے شروع سے لے کر اب تک میرے کرکٹ سفر میں میرا ساتھ دیا۔”انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گی کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے کہا، “پی سی بی کا تعاون انمول رہا ہے، خاص طور پر میرے لیے پیرنٹ فرسٹ پالیسی کو نافذ کرنے میں، جس نے مجھے ماں ہونے کے دوران اپنے ملک کی اعلیٰ سطح پر نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔انہوں نے کہا کہ میں ان شائقین کی بے حد مشکور ہوں جن کی غیر متزلزل حمایت مجھے اپنے پورے کیریئر میں، جہاں بھی اور جب بھی میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کی ملتی رہی ہے۔معروف نے کہا، آخر میں، میں اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، جو میرے لیے ایک کنبہ کی طرح بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ، ” میدان کے اندر اور باہر ہم نے جو خوشگوار ماحول کا اشتراک کیا اسے میں ہمیشہ سنبھال کر رکھوں گی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رپورٹ کے مطابق بسمہ نے بطور کپتان 96 میچوں میں پاکستان کی قیادت کی۔
اس میں 2020 اور 2023 میں آئی سی سی خواتین کا ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2022 میں آئی سی سی خواتین کا کرکٹ ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔ انہوں نے سال 2006 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔ 276 بین الاقوامی میچوں میں انہوں نے 33 نصف سنچریوں کی مدد سے 6,262 رن بنائے اور 80 وکٹیں بھی لیں۔