ڈبلن 13 (یو این آئی) محمد رضوان ناٹ آؤٹ (75) اور فخر زمان (78) کی نصف سنچری اننگز کی بنیاد پر پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں 194 رن کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والے پاکستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پہلے ہی اوور میں صائم ایوب (6) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اگلے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان اور محمد رضوان نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 140 رن کی شراکت ہوئی۔ فخر زمان نے 40 گیندوں پر چھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر (78) رن بنائے۔ محمد رضوان نے 46 گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ (75) اننگز کھیلی۔ اعظم خان نے 10 گیندوں پر 30 رن بنائے۔ پاکستان نے 16.5 اوورز میں تین وکٹوں پر 195 رن بنائے اور میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔آئرلینڈ کی جانب سے مارک ایڈیئر، گریم ہیوم اور بین وائٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آئرلینڈ کے بلے بازوں نے پاکستان کے بالنگ اٹیک پر قابو پاتے ہوئے میدان کے چاروں اطراف شاندار شاٹس کھیلے۔ تاہم آئرلینڈ کی شروعات اچھی نہیں تھی اور تیسرے ہی اوور میں ہی کپتان پال اسٹرلنگ (11) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اسی اوور میں اینڈی بالبرنی بھی (16) پر پویلین لوٹ گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے دونوں وکٹ حاصل کئے۔ اس کے بعد لورکان ٹکر اور ہیری ٹییکٹر نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے پاکستانی بالرز کی دھنائی کرتے ہوئے تیز رفتاری سے رن بنائے۔ لورکان ٹکر نے 34 گیندوں میں (51) رن بنائے۔ ہیری ٹییکٹر نے 28 گیندوں میں (32) رن بنائے۔ کرٹس کیمفر نے 13 گیندوں میں (22)، جارج ڈوکریل (15) اور مارک ایڈیر (9) نے رن بنائے۔ گیرتھ ڈیلانی (28) اور گریم ہیوم (2) ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ نے تین وکٹوں پر 193 رن بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹ حاصل کئے۔ عباس آفریدی نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ اور محمد عامر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔