نئی دہلی 23جنوری:بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران آسام میں ایک پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کانگریس پارٹی کی نیائے یاترا کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نیائے کی لڑائی پانچ ستونوں پر مبنی ہے۔ وہ ستون ہیں یووا (نوجوان) نیائے، حصہ داری نیائے، ناری (خواتین) نیائے، کسان نیائے اور مزدور نیائے۔ یہی وہ پانچ ستون ہیں جو ملک کو طاقت دیں گے اور انہی ستونوں کو مضبوط کرنے کے لیے کانگریس پارٹی ایک پروگرام بہت جلد ملک کے سامنے پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی کی نیائے یاترا فی الوقت آسام کے بارپیٹا سے گزر رہی ہے اور اسی مقام پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اس نیائے یاترا کے پیچھے نیائے کا آئیڈیا ہے اور اس میں ہمارے پانچ ستون ہیں جو ملک کو طاقت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب بھی لوگوں سے بات کرتا ہوں تو یہی بات سامنے آتی ہے کہ ریاست میں بیروزگاری، بدعنوانی اور مہنگائی عروج پر ہے۔ ہر کوئی اسی کی شکایت کرتا ہے۔ کسان پریشان ہیں اور نوجوانوں کو ملازمت نہیں مل رہی ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ہم انہی مسئلوں کو اٹھا رہے ہیں اور ہمیں کامیابی بھی مل رہی ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے اس موقع پر آسام کے وزیراعلیٰ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’وہ کسی کو بھی ڈرا سکتے ہیں لیکن کانگریس پارٹی کو نہیں ڈرا سکتے کیونکہ کانگریس پارٹی ڈرنے والی نہیں ہے۔ وہ میرے اوپر کیس لگا سکتے ہیں، کیونکہ ان کے دل میں ڈر ہے۔ وہ ڈرے ہوئے ہیں کہ آسام کی عوام کانگریس کے ساتھ کھڑی ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ کا صرف ایک ہی کام ہے، نفرت پھیلانا، ایک دھرم کو دوسرے دھرم سے لڑانا، ایک زبان کو دوسری زبان سے لڑانا۔ وہ یاترا کی جس قدر مخالفت کررہے ہیں، یاترا کا اتنا ہی فائدہ ہو رہا ہے۔ جو تشہیر ہمیں نہیں ملتی وہ آسام کے وزیراعلیٰ اور امت شاہ کے ذریعے ہمیں مل رہی ہے۔‘‘