پارتھ مانے نے جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ میں ڈبل گولڈ میڈل جیتا

0
1

لیما، یکم اکتوبر (یو این آئی) پارتھ راکیش مانے نے جونیئر ورلڈ چمپئن شپ کی 10 میٹر ایئر رائفل میں انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل گولڈ میڈل جیت لیا۔ پیر کو انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹ فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ میں 10 میٹر ایئر رائفل کا انفرادی خطاب جیتنے کے بعد پارتھ نے اجے ملک اور ابھینو شا کے ساتھ مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم ایونٹ میں بھی طلائی تمغہ جیتا۔ گوتمی بھلوٹ، شمبھاوی کشیرساگر اور انوشکا ٹھوکر کی ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے 10 میٹر ایئر رائفل میں 1894.8 کے مشترکہ اسکور کے ساتھ طلائی تمغہ جیت کر ایک نیا جونیئر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ان تین طلائی تمغوں کے ساتھ جونیئر شوٹنگ ورلڈ چمپئن شپ میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ ہندوستان نے اب تک ٹورنامنٹ میں پانچ گولڈ اور تین کانسے کے تمغے جیتے ہیں۔ مردوں کے مقابلوں میں پارتھ مانے، اجے ملک اور ابھینو شا نے 1883.5 کا اسکور بنا کر ٹیم ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پارتھ مانے نے مردوں کی 10 میٹر ایئر رائفل فائنل میں 10.0 سے اوپر لگاتار شاٹس کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کا 250.7 کا اسکور چین کی لیوان لن ہوانگ (250.0) کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پوزیشن پر آگیا۔ امریکہ کے بریڈن وین پیجر نے 229.1 کے اسکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا، جبکہ پیرس 2024 اولمپکس کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے وکٹر لنڈگرین 207.2 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔
اجے ملک شوٹ آف میں لنڈگرین سے ہار گئے اور 186.7 کے اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ ابھینو شا، جنہوں نے گزشتہ سال انفرادی گولڈ جیتا تھا، اپنے خطاب کا دفاع نہیں کر سکے اور 144.2 کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہے۔ اس سے قبل کوالیفائنگ راؤنڈ میں اجے ملک 628.8 کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ پارتھ مانے (627.7) چوتھے جبکہ ابھینو شا (627.0) چھٹے نمبر پر رہے۔
ہندوستانی نشانے بازوں نے ٹیم ایونٹ میں 1883.5 کے مشترکہ اسکور کے ساتھ پوڈیم میں سرفہرست رہے اور امریکہ (1877.6) اور جرمنی (1873.9) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے آٹھ شوٹرز نے انفرادی فائنل 10 میٹر ایئر رائفل فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
خواتین کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں گوتمی بھانوٹ (634.7) دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ شمبھاوی کشر ساگر (632.6) اور انوشکا ٹھوکر (627.5) بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہیں۔ تینوں کے 1894.8 کے مشترکہ اسکور نے انہیں یو ایس اے (1881.8) اور ناروے (1876.7) کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنے میں مدد کی۔
تاہم، ہندوستانی تکڑی انفرادی مقابلے میں کوئی تمغہ نہیں جیت سکے۔ فائنل میں گوتمی (209.3) چوتھے، شمبھاوی (188.4) پانچویں اور اوجسوی ٹھاکر (146.1) ساتویں نمبر پر رہے۔ چین کی جیفی وانگ (253.0)، فرانسیسی شوٹر اوسیان مولر (251.6) اور امریکہ کی کیٹی جون (230.2) نے اپنے اپنے ترتیب سے پوڈیم میں جگہ بنائی۔