نئی دہلی، 11جنوری (یواین آئی)انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تیزگیندباز محمد شامی کی واپسی ہوئی ہے۔ وہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کے 14 ماہ بعد ایک بین الاقوامی میچ کھیلیں گے۔ اس کے ساتھ ہی جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو آرام دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے ہفتے کی رات ٹیم کی فہرست جاری کی۔ اکشر پٹیل کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے، سوریہ کمار یادو ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
رشبھ پنت کو جگہ نہیں ملی، ان کی جگہ دھرو جریل بیک اپ وکٹ کیپر ہوں گے۔ واشنگٹن سندر اور نتیش کمار ریڈی کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ 3 ون ڈے سیریز 6 فروری سے شروع ہوگی۔ ون ڈے سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ہندوستان کی ٹی -ٹوئنٹی ٹیم
سوریہ کمار یادو (کپتان)، اکشر پٹیل (نائب کپتان)، سنجو سیمسن، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، رنکو سنگھ، نتیش ریڈی، ہرشیت رانا، ارشدیپ سنگھ، محمد شامی، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، روی بشنوئی، ورون چکرورتی اور واشنگٹن سندر۔محمد شامی 14 ماہ بعد واپسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری میچ 19 نومبر 2023 کو ہندوستان کے لیے کھیلا تھا۔ شامی نے چوٹ کے بعد بنگال کی طرف سے رنجی ٹرافی کے راؤنڈ 1 میچ میں مدھیہ پردیش کے خلاف میچ سے واپسی کی ۔ انہوں نے سید مشتاق علی (ٹی-20) اور وجے ہزارے ٹرافی (ایک روزہ میچ) بھی کھیلا جس سے ہندوستانی ٹیم میں ان کی واپسی کی امیدیں بڑھ گئی تھیں۔