نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی)ٹی سی یوحنن ایک سابق ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے تقریباً تین دہائیوں تک لانگ جمپ میں قومی ریکارڈ اپنے نام رکھا۔ انہوں نے کیوبیک، کینیڈا میں 1976 کے سمر اولمپکس کے دوران ہندوستان کی نمائندگی کی۔ ان کا پورا نام تھاداتھویلا چنداپلائی یوحنن ہے۔ان کا تعلق جنوبی ہندوستان سے ہے۔ یوحنن 19 مئی 1947 کو کیرالہ کے کولم کے ایک چھوٹے سے گاؤں کنڑا میں پیدا ہوئے۔ یوحنن کو ابتدائی عمر سے ہی کھیلوں میں دلچسپی تھی۔ ایتھلیٹکس، خاص طور پر لانگ جمپ کے ساتھ ان کی وابستگی بہت دلچسپ طریقے سے شروع ہوئی جب وہ ایک چھوٹے بچے تھےتو وہ ایک نہر کو عبور نہیں کرپائے اور نہر میں گر گئے۔ ان کے والد نے ان کی اس ناکامی کو حوصلہ میں تبدیل کیا اور کئی مرتبہ کی کوششوں کے بعد نہر کو پار کرنے میں کامیاب رہے۔ تبھی سے انہوں نے ٹھان لیا تھا کہ وہ سخت محنت کرکے کھیلوں میں ملک کا نام روشن کریں گے۔ یوحنن نے بڑے ہوکر ایتھلیٹس میں لانگ جمپ کو اپنا پیشہ بنایا۔ وہ باقاعدگی سے انٹر اسکول کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیتے رہے۔ 1964 میں انہوں نے کھیلوں کے مقابلے میں آزوکون گاؤں کی نمائندگی کی اور پنچایت کے لیے انٹر اسکول اسپورٹس میٹنگز میں حصہ لینا شروع کیا اور کچھ سالوں کے بعد مکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیلائی چلے گئے۔
تھاداتھویلا چنداپلائی یوحنن، جنہیں عام طور پر ٹی سی یوحنن کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک ہندوستانی ایتھلیٹ کھلاڑی رہ چکے ہیں جنہوں نے لانگ جمپ کے مقابلے میں مہارت حاصل کی اور اس ایونٹ میں ایک قومی ریکارڈ قائم کیا جو تقریباً 3 دہائیوں تک برقرار رہا۔ یوحنن نے بنگلورو میں منعقدہ پرسنا کمار آل انڈیا ایتھلیٹکس میٹ میں حصہ لیا اور لانگ جمپ اور ٹرپل جمپ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر سب کو حیران کر دیا۔
سال 1974 میں تہران ایشین گیمز کے دوران انہوں نے لا نگ جمپ کا نیا ایشیائی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے 8.07 میٹر چھلانگ لگا کر تاریخ رقم کی۔ اس کارنامے کے لیے انہیں 1974 میں ارجن ایوارڈ کے ساتھ ساتھ کیرالہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئی دیگر اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
کچھ برس بعد، انہوں نے پبلک سیکٹر بھیلائی اسٹیل پلانٹ سے معاہدہ کیا۔ انہوں نے اسٹیل پلانٹس اسپورٹس میٹ میں حصہ لیا اور بھیلائی اسٹیل پلانٹ کی نمائندگی کی۔سال 1969 میں یوحنن نے پہلی بار قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلے میں حصہ لیا۔
یوحنن نے ٹرپل جمپ میں پانچویں اور لانگ جمپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ایک سال بعدیوحنن نے لانگ جمپ ایونٹ میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ 1971 میں، پنجاب کے پٹیالہ میں نیشنلز کے دوران، انہوں نے لانگ جمپ میں 7.6 میٹر کا ریکارڈ قائم کیا۔ اور اس طرح یوحنن ایتھلیٹکس میں کیرالہ کے نئے چیمپئن بنے۔