نئی دہلی 12جنوری: امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی حلف برداری تقریب کے لیے ہندوستان کو دعوت نامہ ملا ہے۔ جانکاری کے مطابق وزیر خارجہ ایس جے شنکر 20 جنوری کو ہونے والی اس حلف برداری تقریب میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کی طرف سے اتوار کو ویب سائٹ پر یہ اطلاع دی گئی۔ وزارت خارجہ کی اطلاع کے مطابق واشنگٹن دورہ کے دوران ایس۔ جے شنکر امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ کے نمائندگان کے ساتھ میٹنگ بھی کریں گے۔ وزارت خارجہ نے کہا ” ٹرمپ-وینس حلف برداری کمیٹی کے دعوت نامہ پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر، امریکہ کے 47ویں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔”قابل ذکر ہے کہ ایس جئے شنکر نے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت پر ایک بیان دیا تھا، جس پر کافی چرچا ہوئی تھی۔ جے شنکر نے کہا تھا کہ صدارتی انتخاب کے بعد بہت سے ملک امریکہ کو لے کر گھبرائے ہوئے ہیں، لیکن ہندوستان ان ممالک میں شامل نہیں ہے۔ جے شنکر نے ایک تقریب میں کہا تھا “مجھے لگتا ہے کہ صدر ٹرمپ کو کیے گئے پہلے تین فون کالس میں وزیر اعظم مودی بھی شامل تھے۔” کہا جاتا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈونالڈ ٹرمپ سے گہری دوستی ہے۔ ٹرمپ 2016 سے 2020 تک جب امریکہ کے صدر تھے، اس دوران نریندر مودی کا بطور وزیر اعظم پہلا دور چل رہا تھا۔ اس موقع پر امریکی صدر کے طور پر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری 20 جنوری کو ہونے والی ہے۔ اس سے پہلے 6 جنوری کو ٹرمپ کی انتخابی جیت کو ان کی حلف برداری تقریب سے پہلے تصدیق کر دی گئی تھی، جس میں کسی بھی ایم پی نے کوئی اعتراض ظاہر نہیں کیا، کیونکہ ایوان میں ریاستوں کی تعداد کا اعلان کیا گیا تھا۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے 312 انتخابی ووٹ جیتے تھے جبکہ کملا ہیراس کو 226 ووٹ ملے۔