کنگسٹن، 26 مئی (یو این آئی) روسٹن چیس کے ناٹ آوٹ (67) اور کپتان برینڈن کنگ (36) کی شاندار بلے بازی اور پھر گڈاکیش موتی کی 22 رن پر تین وکٹوں کی مہلک گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 16 رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ہفتے کی رات دیر گئے سبینا پارک میں 208 رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے طوفانی آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لئے 81 رن جوڑے۔ پانچویں اوور میں عقیل حسین نے کوئنٹن ڈی کاک کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی دلائی۔ کوئنٹن ڈی کاک نے 17 گیندوں میں چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 41 رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں روسٹن چیز نے ریزا ہینڈرکس کو بولڈ کر کے ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ لے کر جنوبی افریقہ کے رن ریٹ کو روک دیا۔ ریزا ہینڈرکس نے 18 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 34 رن بنائے۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کا کوئی بھی بلے باز ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں کے سامنے نہ ٹک سکا۔ رائن رکلیٹن (17) اور میتھیو برٹزکے (12)، اینڈائل فیہوکوائیو (3)، ویان مولڈر (9) اور کپتان راسی وان ڈیر ڈوسیں (30) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بیورن فارٹن (9) اور این پیٹر (10) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹ پر صرف 191 رن بنا سکی اور 16 رن سے میچ ہار گئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے تین وکٹ حاصل کئے۔ روسٹن چیز، عقیل حسین اور روماریو شیفرڈ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور چوتھے اوور میں جانسن چارلس (7) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد کپتان برینڈن کنگ اور کائل میئرز نے اننگز کو سنبھالا۔ پیٹر نے ساتویں اوور میں برینڈن کنگ کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو دوسرا جھٹکا دیا۔ انہوں نے 22 گیندوں میں 36 رن بنائے۔ کائل میئرز 16 گیندوں (32) میں رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، آندرے فلیچر 18 گیندوں (29) میں رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، روماریو شیفرڈ 13 گیندوں (26) میں رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فیبین ایلن اور عقیل حسین اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ روسٹن چیز نے 38 گیندوں پر 67 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اووروں میں سات وکٹ پر 207 رن بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگیسانی انگیڈی، این پیٹر اور اینڈیل فیہوکواؤ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔بیورن فارٹن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔