تروبا، 26 اگست (یو این آئی) رومریا شیفرڈ اور شمر جوزف (تین وکٹوں) کی تیز گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 30 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ برائن لارا اسٹیڈیم میں 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی اوپننگ جوڑی ریان رکلیٹن اور ریزا ہینڈرکس نے شاندار آغاز کیا اور اسکور کو 4.3 اوورز میں 63 رنز تک پہنچایا۔ اسی اوور میں شمر جوزف نے رکلیٹن کو آؤٹ کرکے شراکت توڑ دی۔ رکلیٹن نے 13 گیندوں میں20 رنز بنائے۔ اس کے بعد اگلے ہی اوور میں شیفرڈ نے ریزا ہینڈرگز کو پویلین بھیج دیا۔ ہینڈرگز نے 18 گیندوں میں (44) رنز بنائے۔ کپتان ایڈن مارکرم (19)، ٹرسٹن اسٹبس (28)، ڈی فریرا (4) اور رسی وین ڈیر ڈوسن 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ نے 138 کے اسکور پر چھ وکٹیں گنوائیں جس کے بعد اس کے چار بلے باز ٹیم کے اسکور میں صرف 11 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کی اننگز کو 19.4 اوورز میں 149 پر سمیٹ دیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف اور شیفرڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ میتھیو فورڈ اور گڈکیش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی اوپننگ جوڑی شائی ہوپ اور ایلک ایتھنیز جو بلے بازی کے لیے آئے تھے نے تیز شروعات کرنے کی کوشش کی۔ چھٹے اوور میں لیزرڈ ولیمز نے ایلک ایتھنیز (28) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔
شائی ہوپ نے 22 گیندوں پر (41) کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں دو چوکے اور چار چھکے لگائے۔ نکول پورن نے صرف 19 ، روسٹن چیس نے صرف سات ، کپتان روومین پاول نے 22 گیندوں میں 35 اور شیرفین ردرفورڈ نے 18 گیندوں میں 29 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لیزرڈ ولیمز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹرک کروگر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اوٹینل بارٹ مین نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔