نئی دہلی17دسمبر:لوک سبھا میں 17 دسمبر کو ’وَن نیشن، وَن الیکشن‘ (ایک ملک، ایک انتخاب) سے متعلق بل پیش کیا گیا۔ اس بل پر ووٹنگ بھی ہوئی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کے تقریباً 2 درجن اراکین لوک سبھا اس ووٹنگ میں شامل نہیں ہوئے۔ بی جے پی کے لیے یہ واقعہ انتہائی فکر انگیز ہے، کیونکہ گزشتہ روز اس نے 3 سطری وہپ جاری کیا تھا، جس میں پارٹی کے سبھی لوک سبھا اراکین کو ہدایت دی گئی تھی کہ 17 دسمبر کو ایوان زیریں میں حاضر رہیں۔ اس کے باوجود 20 سے زائد بی جے پی لیڈران غیر حاضر رہے۔ میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق جن بی جے پی اراکین لوک سبھا نے ’وَن نیشن، وَن الیکشن‘ بل کے لیے ہوئی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ہے، ان کی اب خیر نہیں ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پارٹی نے سبھی غیر حاضر پارٹی لیڈران کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے یہ جانکاری حاصل کی جائے گی کہ جب بل پیش کیا گیا تھا تو کون کون پارٹی اراکین لوک سبھا غیر حاضر تھے، پھر ان کے خلاف پارٹی کارروائی کے لیے قدم بڑھائے گی۔ ان سبھی کو وہپ کی خلاف ورزی کا نوٹس جاری کر جواب طلب کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ پارٹی کا وہپ جاری ہونے پر اگر کوئی رکن پارلیمنٹ غیر حاضر ہوتا ہے تو اس کو پارٹی پارٹی کے وہپ کو وجہ بتاتے ہوئے مطلع کرنا پڑتا ہے۔ اگر کوئی وجہ بتائے بغیر غیر حاضر رہتا ہے تو پارٹی اس کو نوٹس بھیج کر جواب مانگتی ہے۔