نئی دہلی15دسمبر: پنجاب کے کھنوری بارڈر پر حالات کشیدہ ہیں جہاں کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال 20 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ان کی حالت تشویش ناک ہونے کے باوجود، وہ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کھنوری بارڈر پر ان سے ملاقات کے لیے مشہور پہلوان اور جولانہ سے ایم ایل اے ونیش پھوگاٹ اپنے شوہر سومبیر راٹھی کے ہمراہ پہنچیں۔ ونئش پھوگاٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جگجیت سنگھ ڈلیوال نہایت مضبوط ارادوں والے کسان رہنما ہیں، جو اپنی صحت اور زندگی کی پروا کیے بغیر کسانوں کے مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ بڑی بات ہے کہ ایک شخص جو کینسر کا مریض ہے اور اپنی بیوی کو کھو چکا ہے، وہ ہماری بھلائی کے لیے بھوک ہڑتال پر ہے۔ حکومت کو ان کی حالت پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘ اس موقع پر پنجاب کے ڈی جی پی گورو یادو اور مرکزی وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر مَینک مشرا نے بھی ڈلیوال سے ملاقات کی۔ ڈی جی پی گورو یادو نے میڈیا کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق حکومت نے فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے وزیراعلیٰ بھگونت مان کا پیغام ڈلیوال تک پہنچایا ہے کہ ان کی زندگی بہت قیمتی ہے اور حکومت ان کے مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘