قاہرہ (مصر)، 25 اپریل (یو این آئی) ہندوستانی نشانے باز ونشیکا چودھری اور چراغ شرما نے ہفتہ کو آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ کپ 2026 میں 10 میٹر ایئر پستول مکسڈ ٹیم ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کر لیا۔ونشیکا، جو اس سے قبل خواتین کے 10 میٹر ایئر پستول انفرادی مقابلے میں خطاب جیت چکی تھیں، اور چراغ شرما، جنہوں نے مردوں کے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا، نے مجموعی طور پر 484.3 اسکور بنا کر الیگزینڈرا پیاترووا اور میکیتا داؤباش کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔پیاترووا اور داؤباش، جو انفرادی نیوٹرل ایتھلیٹس تھے، نے 467.6 اسکور کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ ایک اور ہندوستانی جوڑی موہنی سنگھ اور ہمانشو رانا نے 407.4 اسکور کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اس سے قبل کوالیفکیشن راؤنڈ میں ونشیکا اور چراغ 582-21x اسکور کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ موہنی سنگھ اور ہمانشو رانا 568-15x کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق کوالیفائر سے ٹاپ چار ٹیمیں فائنل میں پہنچیں، جہاں الینا نیسٹسیا رووچ اور یوری کراوٹسو (نیوٹرل ایتھلیٹس) چوتھی ٹیم تھی۔دریں اثنا، ہندوستان مردوں اور خواتین دونوں کے انفرادی ٹریپ ایونٹس میں تمغے حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ مردوں کے مقابلے میں ظہیر خان اور یوگن شکتی ویل متھو کمار بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر رہے۔ ظہیر خان کوالیفائر میں 115 اسکور کے ساتھ چھٹے نمبر پر تھے، جبکہ متھو کمار 112 اسکور کے ساتھ فائنل میں پہنچنے والے آخری نشانے باز تھے۔خواتین کے ٹریپ ایونٹ میں بھاویہ ترپاٹھی نے چھٹے نمبر پر رہتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، لیکن آٹھ کھلاڑیوں کے فائنل میں آخری مقام پر رہیں۔ سینئر آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میڈلسٹ صابرہ حارث برابر پوائنٹس کے باوجود ریورس کاؤنٹ بیک کی بنیاد پر فائنل میں جگہ نہ بنا سکیں۔ہفتہ کو دو تمغے جیتنے کے بعد قاہرہ میں جاری شوٹنگ مقابلوں میں ہندوستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے، جن میں پانچ سونے، پانچ چاندی اور چار کانسی کے تمغے شامل ہیں، اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔