بلاوایو، 27 دسمبر (یو این آئی) شان ولیمز (154)، کپتان کریگ ایرون (104) اور برائن بینیٹ (ناٹ آؤٹ 110) کی سنچری اننگز کی بدولت زمبابوے نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو دوسرے سیشن کے اختتام پر 586 رنز کا بڑا اسکور بنا لیا۔ زمبابوے نے آج چار وکٹوں پر 363 رنز کے کل کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کے اسکور میں ابھی مزید 20 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ نوید زدران نے شان ولیمز کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ ولیمز نے 174 گیندوں میں (154) رنز بنائے۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے برائن بینیٹ نے کپتان ایرون کا بخوبی ساتھ نبھایا۔ اسی دوران ایرون نے اپنی سنچری مکمل کی۔ 465 کے اسکور پر ضیاء الرحمان نے ایرون (104) کو آؤٹ کیا۔ نیومین نیامہوری (26)، بلیسنگ مجاربانی (19) اور ٹریور گوانڈو (تین) رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے نے 135.2 اوورز میں 586 رنز بنائے۔ برائن بینیٹ 124 گیندوں پر 110 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل جمعرات کو زمبابوے کی جویلورڈ گیمبی اور بین کررن کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے۔ نوید زدران نے نویں اوور میں جویلورڈ گیمبی (9) کو آؤٹ کر کے افغانستان کو پہلی کامیابی دلائی تھی۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے ٹی کیتانو نے بین کرن کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 26ویں اوور میں اے ایم غضنفر نے نصف سنچری بنانے والے بین کرن کو بولڈ کرکے زمبابوے کو بڑا جھٹکا دیا۔ کرن نے 74 گیندوں میں 11 چوکے لگا کر 68 رنز کی اننگ کھیلی۔اس کے بعد ٹی کیٹانو اور شان ولیمز نے اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 78 رنز کی شراکت ہوئی۔ ظہیر خان نے 45ویں اوور میں ٹی کیٹانو کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔