نئی دہلی22دسمبر: ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے تبصرہ پر حزب اختلاف کی جانب سے لگاتار برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں مرکزی حکومت اور وزیر داخلہ امت شاہ پر سوالات اٹھاتی آ رہی کانگریس پارٹی نے اب اعلان کیا ہے کہ پارٹی 23 دسمبر کو وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف قومی سطح پر پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے شاہ کی جانب سے امبیڈکر کے بارے میں دیے گئے غیر مناسب تبصروں کے لیے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے قومی سطح پر مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کے تحت 23 دسمبر کو ملک بھر میں پریس کانفرنس کی جائے گی۔ اس کے بعد 24 دسمبر کو تمام اضلاع میں ’امبیڈکر سمان یاترا‘ نکالی جائے گی۔ یہ مارچ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی مورتیوں پر مالا چڑھانے کے ساتھ شروع ہوگا اور ضلع کلکٹرز کے ذریعے صدرِ ہند کو ایک یادداشت پیش کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے میڈیا کو بتایا کہ امت شاہ، وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے دیگر رہنماؤں نے امبیڈکر کی وراثت کے خلاف کی جانے والی یہ توہین آمیز تبصرے پر ابھی تک افسوس کا اظہار نہیں کیا۔ کھیڑا نے ان تبصروں کے مسلسل دفاع پر تنقید کرتے ہوئے انہیں امبیڈکر کی وراثت کی توہین قرار دیا۔ کھیرا نے مزید کہا کہ کانگریس کے تمام ممبران پارلیمنٹ، راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے ارکان، سی ڈی ڈبلیو سی کے ارکان 23 دسمبر کو اپنے اپنے انتخابی حلقوں، ریاستی ہیڈکوارٹر یا ضلع ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کریں گے اور امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کریں گے۔