نئی دہلی 4اپریل:دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے جیل سے اپنے پارٹی کے ارکان اسمبلی کو پیغام دیا ہے۔ کیجریوال نے عآپ کے ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ روزانہ اپنے علاقوں کا دورہ کریں۔ کیجریوال کا یہ پیغام ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے عآپ کے ارکان اسمبلی و لیڈروں تک پہنچایا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے کہا ہے ’’آپ کے کیجریوال نے جیل سے تمام ارکان اسمبلی کو پیغام بھیجا ہے۔ میں جیل میں ہوں، اس وجہ سے کسی بھی دہلی والے کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔
ہر رکن اسمبلی اپنے علاقے کا روز دورہ کریں اور لوگوں سے ان کے مسائل پوچھیں کہ کسی طرح کی کوئی دقت تو نہیں ہو رہی ہے۔ جس کا جو بھی مسئلہ ہو اسے حل کریں۔ میں صرف سرکاری محکموں کے مسائل حل کرنے کی بات نہیں کر رہا، ہمیں لوگوں کے دیگر مسائل کے حل بھی کوشش کرنی ہے۔ دہلی کے دو کروڑ لوگ میرا خاندان ہیں، میری وجہ سے کوئی بھی دکھی نہیں ہونا چاہئے۔ خدا سب کو خوش رکھیں۔” واضح رہے کہ ای ڈی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں 21 مارچ کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کیا تھا۔ وہ فی الوقت تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ سنیتا کیجریوال آج جب کیجریوال کا پیغام پڑھ رہی تھیں تو ان کے عقب کی دیوار پر ایک اور تصویر نظر آئی۔ اس بار بھگت سنگھ اور بابا صاحب امبیڈکر کی تصویروں کے ساتھ اروند کیجریوال سلاخوں کے پیچھے قید نظر آئے۔