نئی دہلی16فروری: دہلی کی عام آدمی پارٹی نے اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے ایک بار پھر اعتماد کی تحریک پیش کی ہے، جس پر ہفتہ (17 فروری) کو بحث ہوگی۔ اس سے قبل اگست 2022 اور مارچ 2023 میں بھی تحریک اعتماد لائی گئی تھی۔ آج تحریک اعتماد پیش کیے جانے سے قبل ہی وزیر اعلیٰ کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’میں اسمبلی میں آج تحریک اعتماد پیش کروں گا۔‘‘ حالانکہ اسپیکر نے اس پر بحث ہفتہ تک کے لیے ملتوی کر دی۔ دراصل حال ہی میں عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا تھا کہ اس کے اراکین اسمبلی کو توڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں اس نے بی جے پی پر الزامات بھی لگائے تھے جس کے بعد بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے خلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دیا تھا۔ اسی کے ساتھ دہلی پولیس نے بھی اروند کیجریوال کو نوٹس دیتے ہوئے ان الزامات سے متعلق ثبوت طلب کیے تھے۔ دہلی اسمبلی میں تحریک اعتماد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ ’’عام آدمی پارٹی کے 2 اراکین اسمبلی میرے پاس آئے اور دونوں نے ایک ہی بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ (بی جے پی) وزیر اعلیٰ کو گرفتار کر لیں گے۔ 21 اراکین اسمبلی کو 25 کروڑ روپے لینے پر راضی کر لیا گیا ہے۔ وہ انھیں اپنے ٹکٹ پر الیکشن لڑوائیں گے۔ ہمیں پتہ چلا کہ ہمارے اراکین اسمبلی سے انہوں نے ہی رابطہ کیا ہے۔ یہ کئی آپریشن لوٹس کر چکے ہیں۔ ہماری اطلاع کے مطابق ہمارے جن اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا گیا تھا ان تمام نے منع کر دیا۔‘‘ اروند کیجریوال نے مزید کہا کہ ’’یہ شراب گھوٹالہ کوئی گھوٹالہ نہیں ہے، وہ صرف جھوٹے مقدمے درج کر کے حکومت کو گرانا چاہتے ہیں، وہ اپنی پوری زندگی میں دہلی میں الیکشن نہیں جیت سکتے۔ ہمارا ایک بھی ایم ایل اے نہیں ٹوٹے گا۔ یہ ایوان ہماری کابینہ پر اعتماد کرتا ہے۔‘‘ علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی جے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کارپوریٹ ہاؤس کی طرف سے دیے گئے فنڈز کی معلومات عام کرے۔ اس کے علاوہ کانگریس کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے پر بھی اعتراض کیا۔ دہلی کی وزیر آتشی نے کہا کہ پہلے اپوزیشن پارٹیوں کو ایجنسیوں کے ذریعے ڈرایا اور اپوزیشن لیڈروں کو جیل میں ڈالا گیا، اب لوک سبھا انتخابات سے قبل ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کئے جا رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد ہوگا، یہ بی جے پی کی بڑی سازش ہے۔‘‘ دریں اثنا وزیر اعلیٰ کجریوال کے ذریعے اسمبلی میں تحریک اعتماد لانے پر وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ’’جھارکھنڈ میں وزیر اعلیٰ کو گرفتار کیا گیا اور وہاں کی حکومت گرانے کی سازش رچی گئی۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کچھ سوچ کر ہی تحریک اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔