نئی دہلی22جنوری: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘ پروگرام کے دوران بی جے پی کے بوتھ کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی بڑی کامیابی کی پیش گوئی کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی (عآپ) اور اروند کیجریوال پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’عآپ‘ والے نعرہ لگواتے ہیں ’پھر آئیں گے، پھر آئیں گے‘ لیکن عوام جواب دے رہے ہیں کہ ’یہ پھر کھائیں گے، پھر کھائیں گے!‘ وزیر اعظم نے کہا کہ دہلی کے لوگ ’عآپ‘ کی جھوٹ اور فریب کی سیاست سے تھک چکے ہیں۔ پہلے کانگریس اور پھر ’عآپ‘ کی حکومت نے عوام کا اعتماد توڑا ہے۔ ’آپ-دا‘ والے اب ہر روز نئی اسکیمیں لا رہے ہیں، جو ان کی شکست کے خوف کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ترقیاتی کاموں پر خرچ ہونے والا پیسہ غلط جگہ لگا اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا۔ مودی نے بوتھ کارکنوں کو ہدف دیتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں صرف جیت کافی نہیں، ہر بوتھ پر ووٹنگ کا ریکارڈ توڑنا ہے اور بی جے پی کو 50 فیصد سے زائد ووٹ دلانے کے لیے عوام کا دل جیتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’میرا بوتھ، سب سے مضبوط‘ بی جے پی کے کارکنوں کا نعرہ اور زندگی کا منتر ہے۔ دہلی میں بوتھ سطح پر مضبوط تنظیم کی بدولت ساتوں لوک سبھا نشستوں پر بی جے پی کی جیت ممکن ہوئی اور یہی قوت اسمبلی انتخابات میں بھی فتح دلائے گی۔ مودی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ 5 فروری کو زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو پولنگ بوتھ تک لایا جائے۔ سردی کی شدت کے باوجود صبح سے ہی ووٹنگ کا جذبہ بڑھانے کی ہدایت دی۔