نئی دہلی 4فروری:یوپی اے ٹی ایس نے وزارت خارجہ میں تعینات ایک ملازم کو گرفتار کیا ہے۔نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق ستیندر سیوال نامی اس اہلکار پر آئی ایس آئی کے لیے کام کرنے کا الزام ہے۔ ستیندر ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانے میں تعینات ہے۔ وہ اصل میں ہاپوڑ کا رہنے والا ہے۔ ستیندر 2021 سے ہندوستان کے بہترین سیکورٹی اسسٹنٹ(IBSA)کے طور پر تعینات ہے۔ آئی ایس آئی کے اس ہینڈلر پر ہندوستانی سفارت خانے، وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور ہندوستانی ملٹری انسٹی ٹیوٹ کی اہم خفیہ معلومات بھیجنے کا الزام ہے۔ اے ٹی ایس میرٹھ یونٹ کی پوچھ گچھ کے دوران ستیندر نے جاسوسی کا اعتراف کیا ہے۔شائع خبر کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ یوپی اے ٹی ایس نے میرٹھ سے اس کی گرفتاری ظاہر کی ہے۔ معلومات کے مطابق، ستیندر سیوال ہاپوڑ کا رہنے والا ہے۔ اے ٹی ایس ٹیم نے اس کے پاس سے دو موبائل فون، آدھار کارڈ، پین کارڈ اور کچھ دیگر اشیاء برآمد کی ہیں۔ یوپی اے ٹی ایس اب بھی اس سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یوپی اے ٹی ایس کو کئی جگہوں سے یہ اطلاع مل رہی تھی کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ہینڈلر وزارت خارجہ میں تعینات کچھ ملازمین کو ورغلا کر رقم کا لالچ دے رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد یوپی اے ٹی ایس کی ٹیم سرگرم ہوگئی اور ستیندر سیوال پر نظر رکھنے لگی۔ جب اس کی جاسوسی کے حوالے سے ٹھوس شواہد ملے تو اسے پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا۔
تلنگانہ کے ضلع کریم نگرکے سوریہ نگرمیں تیندوے کی موجودگی سے سنسنی
حیدرآباد 4 فروری(یواین آئی) تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے سوریہ نگرمیں تیندوے کی موجودگی سے سنسنی پھیل گئی۔اس تیندوے کی ویڈیو مکانات پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں میں قیدہوگئی۔اس بات کی اطلاع محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو دی گئی جنہوں نے اس فوٹیج کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی افراد کو مشورہ دیا کہ وہ رات کے وقت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔
اس ویڈیو کے سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہونے کے سبب مقامی افراد میں سنسنی پھیل گئی جنہوں نے انسانی آبادی میں اس تیندوے کی موجودگی پر حیرت کااظہار کیا۔