ممبئی، 10 مارچ (یو این آئی) ہرش دوبے اور یش ٹھاکر کی تین تین وکٹ کی مہلک گیند بازی کی بدولت ودربھ نے ممبئی کو رنجی ٹرافی کے فائنل میچ میں پہلی اننگز میں 224 رن کے اسکور پر سمیٹ دیا ہے اور اس کے بعد 31 رن پر تین وکٹیں گنواکر جدوجہد کررہا ہے۔آج یہاں ودربھ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ودربھ نے اپنے کپتان اکشے واڈکر کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے ممبئی کو 64.3 اوور میں 224 رن پر سمیٹ دیا۔ بلے بازی کے لیے اتری ممبئی کی شروعات اچھی رہی اور اوپنرز پرتھوی شا اور بھوپین للوانی کی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 81 رن جوڑے۔ یش ٹھاکر نے بھوپین کو 37 رن پر آؤٹ کر کے ودربھ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ہرش دوبے نے پرتھوی کو 46 رن پر بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ شاردول ٹھاکر نے 69 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ممبئی کے لیے سب سے زیادہ 75 رن بنائے۔ شمس ملانی 13 رن بناکر آؤٹ ہوئے، تشار دیش پانڈے 14 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے اور پوری ٹیم 224 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ودربھ کی جانب سے ہرش دوبے اور یش ٹھاکر نے تین تین وکٹ لیے۔ امیش یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آدتیہ ٹھاکرے نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔بلے بازی کے لیے اتری ودربھ کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ کرون نائر اور دھرو شوری کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ کرون کو کلکرنی نے تامورے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا اور دھرو کو شاردول نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ جبکہ امن موکھڑے آٹھ رن بنا کر کلکرنی کے ہاتھوں تامورے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
دن کا کھیل ختم ہونے تک ودربھ نے پہلی اننگز میں تین وکٹ پر 31 رن بنا لیے تھے۔ اوپنر اتھرو تائیڈے 21 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں اور آدتیہ ٹھاکرے صفر پر کریز پر موجود ہیں۔ ممبئی نے ودربھ کو تین جھٹکے دے کر میچ میں اپنی موجودگی برقرار رکھی ہے۔