کوچی، 5 فروری (یو این آئی) کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے 11 فروری کو کوچی کے انفوپارک میں منعقد ہونے والی جی ٹیک میراتھن کے لوگو کی نقاب کشائی کی۔اتوار کو انفوپارک میں منعقدہ تقریب میں انفوسس کے شریک بانی ایس ڈی شیبولال اور آئی بی ایس سافٹ ویئر کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین وی کے میتھیوز موجود تھے۔
میراتھن کے لئے تقریباً 7000 رنرز نے رجسٹریشن کرایا ہے، جس سے یہ کیرالہ میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی میراتھن میں سے ایک بن گئی ہے۔کیرالہ میں آئی ٹی کمپنیوں کی صنعتی تنظیم گروپ آف ٹکنالوجی کمپنیز (جی ٹیک) کی طرف سے منعقد کی گئی میراتھن کا مقصد کیرالہ میں منشیات کے غلط استعمال کے پھیلاؤ اور اس کے مضر اثرات کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔
میراتھن کے لیے اندراج کرنے والوں میں کوچین کے کچھ سرکردہ کالجوں کی طلبہ برادری، آئی ٹی پروفیشنلز، مرکزی اور ریاستی حکومت کے ملازمین، دفاعی اہلکار اور کارپوریٹ ممبران شامل ہیں۔رجسٹرڈ شرکاء میں سے تقریباً نصف خواتین اور بچے شامل ہیں۔
تمام شرکاء جس میں 3 کلومیٹر، 10 کلومیٹر اور 21 کلومیٹر کے مقابلے شامل ہیں، انہیں کیرالہ کے وزیر کھیل وی عبد الرحمن انعامات سے نوازیں گے۔