ممبئی، 13 اپریل (یو این آئی) ٹاٹا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 میں ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان میچ دلچسپ ہونے کی امید ہے۔آئی پی ایل کا اب تک کا سفر چنئی کے لیے اتار چڑھاؤ سے بھرا رہا ہے۔ چنئی نے اب تک کھیلے گئے پانچ میچوں میں سے تین جیتے ہیں جبکہ دو میں شکست کھائی ہے جبکہ دوسری طرف ممبئی نے اپنے پہلے تین میچ ہار کر ٹورنامنٹ کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا تھا لیکن آخری دو میچ جیت کر اس کا حوصلہ بہت بلند کیا ہے۔چنئی اور ممبئی نے سب سے زیادہ پانچ بار فتح کا مزہ چکھا ہے۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں چنئی کے خلاف ممبئی کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ ممبئی نے اس گراؤنڈ پر 20 مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چنئی نے 16 میچ جیتے ہیں۔ سوریہ کمار یادو کے آنے کے بعد ممبئی کی ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔ گزشتہ میچ میں سوریہ نے رائل چیلنجر بنگلور کے خلاف صرف 19 گیندوں میں 52 رنز بنا کر اپنی فارم دکھائی۔ جبکہ ایشان کشن، کیمرون گرین اور روہت شرما اپنی ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ بن سکتے ہیں۔ بولنگ کی بات کریں تو رتوراج گائیکواڑ کی ٹیم کو جسپریت بمراہ سے خاص طور پر محتاط رہنا ہوگا۔ڈیون کانوے، رتوراج گائیکواڑ اور شیوم دوبے کے علاوہ چنئی کو میچ فنشر کے کردار میں مہندر سنگھ دھونی سے امیدیں ہوں گی جب کہ متھیسا پاتھیرانا، رویندرا جڈیجہ اور تشار دیش پانڈے کی فارم ممبئی کے بلے بازوں کا امتحان لے گی۔ اس ٹورنامنٹ میں دیپک چاہر نے پاور پلے میں اپنے پانچ میں سے چار وکٹ لیے ہیں۔