ویلنگٹن،یکم مارچ (یو این آئی) نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 383 رنز بنائے اور اس کے بعد نیتھن لیون کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ . دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 13 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ ٹیم کی برتری 217 رنز تک ہو گئی ہے اور عثمان خواجہ پانچ رنز پر ناٹ آؤٹ، نیتھن لیون چھ رن بناکرکریزپر موجود ہیں۔ کل کے اسکور 279 سے آگے کھیلتے ہوئے آخر کار گرین اور ہیزل ووڈ نے آخری وکٹ کے لیے 116 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی۔ ہیزل ووڈ 22 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کیمرون گرین کے 174 رنز کی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 383 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئی نیوزی لینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے صرف 29 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ ٹام لیتھم پانچ رنز، ول ینگ نو رنز، کین ولیمسن صفر اور راچن رویندرا صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ کی شاندار باؤلنگ کی مدد سے آسٹریلیا نے میزبان نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 41.1 اوورز میں صرف 179 رنز تک محدود کر دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے سب سے زیادہ 71 رنز بنائے، اس کے بعد میٹ ہنری نے 34 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ ٹام بلنڈل 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ڈیرل مچل 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جوش ہیزل ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں چار رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ اسٹیو اسمتھ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، مارنس لیبوشگن دو رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دونوں وکٹیں ٹم ساؤتھی نے حاصل کیں۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے آٹھ اوورز میں دو وکٹوں پر 13 رنز بنا لیے ہیں اور عثمان خواجہ پانچ رنز اور نیتھن لیون چھ رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔