نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 134 رن کی برتری حاصل

0
6

بنگلورو، 17 اکتوبر (یو این آئی) میٹ ہنری (پانچ وکٹ) اور ولیم اورورک (چار وکٹ) کی مہلک گیندبازی کے بعد ڈیون کونوے (91) کی نصف سنچری کی مدد سے نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعرات کو تین وکٹ پر 180 رن بناکر ہندستان پر پہلی اننگز کی بنیاد پر 134 رن کی اہم برتری حاصل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ ہندستان کو پہلی اننگز میں صرف 46 رن پر سمیٹنے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 67 رن کی شراکت داری کی۔ 18ویں اوور میں کلدیپ نے ٹام لیتھم (15) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔دوسری وکٹ کی شراکت میں کونوے اور ول ینگ نے ٹیم کے اسکور کو 142 رن تک پہنچایا جہاں جڈیجہ نے ول ینگ (33) کو کلدیپ کے ہاتھوں کیچ کروا کر نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد اشون نے اپنی سنچری کی طرف بڑھ رہے ڈیون کونوے (91) کو بولڈ کیا اور ٹیم کا تیسرا وکٹ لیا۔ کھیل کے اختتام پر راچن رویندرا (22) اور ڈیرل مچل 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندستان کی جانب سے آر اشون، کلدیپ یادو اور رویندرا جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے پہلے آج یہاں کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی شروعات بہت خراب رہی جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے اور ساتویں اوور میں کپتان روہت شرما (دو) کو ٹم ساؤتھی نے بولڈ کرکے نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور سرفراز خان (0) پویلین لوٹ گئے، اس دوران بارش کے باعث کھیل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا۔ وراٹ کو ولیم او رورک اور سرفراز کو میٹ ہنری نے آؤٹ کیا۔