ٹرینیداد، 15 جون (یو این آئی) ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوچکی نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کو صرف 40 رنوں پرسمیٹ دیا اور بعد میں جیت کا ہدف 5.2 اوور میں حاصل کر لیا۔تاروبا کے برائن لارا اسٹیڈیم میں ٹم ساؤتھی نے چار اوورز کے اسپیل میں صرف چار رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یوگنڈا کے کینتھ ویسوا (11) واحد بلے باز تھے جو ڈبل فیگر تک پہنچے۔ اس میچ میں یوگنڈا کا واحد کارنامہ یہ تھا کہ اس نے 18.4 اوورز تک کیوی بولنگ اٹیک کا سامنا کیا جبکہ بعد میں بیٹنگ کے لیے آنے والے نیوزی لینڈ کے ایک بلے باز کو آؤٹ کرنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔یوگنڈا نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کوپورے میچ میں 39 گیندیں کرائیں جن میں چھ وائیڈ بالز اور ایک نو بال تھی۔ اس طرح نیوزی لینڈ یہ میچ 5.2 اوورز میں ہی جیت گیا۔