نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بریسویل کو بنایا کپتان

4

کرائسٹ چرچ، 11 مارچ (یو این آئی) نیوزی لینڈ نے اتوار سے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے مائیکل بریسویل کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔نیوزی لینڈ کے سلیکٹر سیم ویلز نے کہا کہ آئندہ سال ہندوستان اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کی تیاریوں کے پیش نظر یہ سیریز اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرنے والے بریسویل وائٹ بال کے باقاعدہ کپتان مچ سینٹنر کی جگہ لیں گے۔ بریسویل کے لیے گھریلو سرزمین پر نیوزی لینڈ کی قیادت کرنے کا یہ پہلا موقع ہے، وہ اس سے قبل پاکستان کے دورے پر وائٹ بال ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں۔ ایش سوڈھی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ بالر کائل جیمیسن اور ول او رورکے پہلے تین میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ جبکہ میٹ ہنری فٹنس اسسمنٹ کے بعد آخری دو میچز کھیلیں گے۔ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر بریسویل نے کہا ’’میرے ملک کی کپتانی کرنا بہت بڑا اعزاز اور خوش قسمتی ہے۔ میں نے گزشتہ سال پاکستان میں ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے بہت لطف اٹھایا اور اس سیریز کے لیے ان میں سے بہت سے کھلاڑیوں کا ٹیم میں واپس آنا بہت اچھا ہے۔ مِچ سینٹنر نے شاندار کام کیا ہے اور میری توجہ اس کے اچھے کام کو آگے بڑھانے پر مرکوز رہے گی، ساتھ ہی ٹیم کے لیے کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک مثبت ماحول تیار کرنا ہوگا۔‘‘
پاکستان کے خلاف گھریلو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم اس طرح ہے:
مائیکل بریسویل (کپتان)، فن ایلن، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، جیک فولکس (میچ 4-5)، مِچ ہے، میٹ ہینری (میچ 4-5)، کائل جیمیسن (میچ 1-3)، ڈیرل مشیل، جمی نیشم، ول او رورکے (میچ 1-3)، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سوڈھی۔پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 16 مارچ بروز اتوار کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں، دوسرا میچ 18 مارچ بروز منگل ڈونیڈن یونیورسٹی آف اوٹاگو اوول میں، تیسرا میچ 21 مارچ بروز جمعہ آکلینڈ ایڈن پارک، چوتھا میچ 23 مارچ بروز اتوار تورنگا بے اوول میں اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ 25 مارچ بدھ کو ویلنگٹن کے اسکائی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔