کچنگ (ملائیشیا) 22 جنوری (یو این آئی) ایو وولینڈ (48) کے بعد تاش ویکلین اور رشیکا جسوال (تین تین وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے انڈر 19 خواتین کے ٹی 20 میچوں میں بدھ کو سمووا کو 67 رن سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے سپر سکس میں جگہ بنا لی ہے۔ 107 رن کے ہدف کے تعاقب میں سمووا کی کوئی بھی بلے باز نیوزی لینڈ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹک سکی۔ سمووا کی پوری ٹیم 14.2 اووروں میں 40 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سمووآ کی کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے تاش واکلین اور رشیکا جسوال نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
سوفی کورٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہننا او کونر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج سمووآ خواتین کی انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے 12 کے اسکور پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد انیکا ٹوڈ اور ایو وولینڈ نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 55 رن کی شراکت ہوئی۔ اے ماپو نے 10ویں اوور میں اس شراکت کو توڑا جب انہوں نے انیکا ٹوڈ (19 گیندوں پر 27) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی بلے باز سمووآ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکیں۔ ایو وولینڈ نے 43 گیندوں پر 48 رن بنائے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 17 اووروں میں نو وکٹ پر 107 رن بنائے۔
سمووا کی جانب سے اولیو لیفاگا نے تین اور ویرا فارانے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ نورا سلیمہ، مسینہ طافیہ اور اے ماپو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔