ماؤنٹ مونگانوئی 07 فروری (یو این آئی) راچن رویندرا کی 240 رنز کی شاندار ڈبل سنچری اور کین ولیمسن کی 118 رنز کی سنچری اور پھر گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ کو آج 281 رن کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ ماؤنٹ مونگانوئی کے بے اوول اسٹیڈیم میں4 فروری کو جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں راچن رویندرا کی 240 رنز کی ڈبل سنچری اور کین ولیمسن کی 118 رنز کی سنچری کی مدد سے 511 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے نیل برانڈ نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ روآن ڈیسوارٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شیپو مورکی اور ڈین پیٹرسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا تھا۔اس کے بعد نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر اور میٹ ہنری کی تین تین وکٹیں اور راچن رویندرا اور کائل جیمیسن کی دو دو وکٹوں کی مدد سے جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 72.5 اوورز میں 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 349 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی تھی۔نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں بھی کین ولیمسن نے 109 رنز کی سنچری اسکور کی اور پھر چار وکٹوں پر 179 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کر دی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 529 رنز کا ہدف دیا۔ 529 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 247 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈورڈ مور صفر اور نیل برانڈ تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ڈیوڈ بیڈنگھم نے سب سے زیادہ 87 رنز بنائے۔ رینارڈ وان ٹونڈر 31 رنز، زبیر حمزہ 36، کیگن پیٹرسن 16، ڈین پیٹرسن 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کلائیڈ فورٹین 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی پوری اننگز 80 اوورز میں 247 رنز پر سمٹ گئی۔ اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مچل سینٹنر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ گلین فلپس، ٹم ساؤتھی اور میٹ ہنری نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔