نئی دہلی 16مئی:آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے مودی حکومت کے اگنی ویر اسکیم کے تعلق سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جس طرح مسلح افواج میں بھرتی ہونے والوں کے لیے اگنی ویر اسکیم لائے ہیں، اسی طرح وہ نیم فوجی دستوں میں بھی اس اسکیم کو نافذ کریں گے۔ اسد الدین اویسی لوک سبھا انتخابات کی تشہیری مہم کے لیے لکھنؤ میں تھے۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی اےاین آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستان کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ مودی جی کو تیسری بار وزیر اعظم نہ بنائیں۔ ملک میں غربت ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ وہ بے روزگاری پر قابو نہیں پا سکے ہیں۔ ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا کہ میں ہندو مسلم نہیں کروں گا۔ وزیر اعظم کسے در انداز کہہ رہے ہیں؟ ہندو خواتین سے چھینا گیا منگل سوتر کسے دیا جائے گا؟ ان کا اشارہ صرف مسلمانوں کی طرف ہے۔ کس نے کہا تھا کہ لوگوں کو ان کے کپڑوں سے پہچانو۔ اس سے قبل بدھ (15 مئی) کو ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا تھا کہ پی ایم مودی نے اپنی لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے خلاف بے شمار جھوٹ اور نفرت پھیلا رہے ہیں۔ اویسی نے ان لوگوں کو بھی نشانہ بنایا جو وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر سن کر بھی بی جے پی کو ووٹ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے اپنی تقریر میں مسلمانوں کو درانداز اور بہت زیادہ بچے والے لوگ کہا تھا، اب وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی بات نہیں کر رہے اورکبھی ہندو مسلم نہیں کیا۔