نئی دہلی، 20 جولائی (یو این آئی) پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والے 117 ہندوستانی کھلاڑیوں میں سے چوبیس (24) مسلح افواج سے وابستہ کھلاڑی ہیں، جن میں ٹوکیو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ اور اسٹار جیولین تھرو صوبیدار نیرج چوپڑا بھی شامل ہیں۔وزارت دفاع کے مطابق مسلح افواج کے کھلاڑی گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور پہلی بار ان 24 کھلاڑیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ٹوکیو اولمپکس میں ملک کا نام روشن کرنے والے گولڈ میڈلسٹ صوبیدار نیرج چوپڑا ایک بار پھر اعلیٰ اعزاز کے لیے مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے 2023 ایشین گیمز، 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، 2024 ڈائمنڈ لیگ اور 2024 پاو نورمی گیمز میں سونے کے تمغے جیتے تھے۔کامن ویلتھ گیمز 2022 کی کانسے کا تمغہ جیتنے والی حوالدار جیسمین لمبوریا اور ایشین ریسلنگ چیمپیئن شپ 2023 کی کانسے کا تمغہ جیتنے والی سی پی او ریتیکا ہڈا خواتین فوجی اہلکار ہیں جو پہلی بار گیمز میں حصہ لے رہی ہیں۔ وہ باکسنگ اور ریسلنگ میں حصہ لیں گی۔صوبیدار امیت پنگھل (باکسنگ)، سی پی او تاجندرپال سنگھ تور (شاٹ پٹ)، صوبیدار اویناش مکند سیبلے (3000 میٹر اسٹیپلچیس)، سی پی او محمد انس یحییٰ، پی او (جی ڈبلیو) محمد اجمل، صوبیدار سنتوش کمار تملراسن اور جے ڈبلیو او میزو چاکو کورین (چار ایکس) 400 میٹر مینز ریلے، جے ڈبلیو او عبداللہ ابوبکر (ٹرپل جمپ)، صوبیدار تروندیپ رائے اور صوبیدار دھیرج بومادیورا (تیر اندازی) اور نائب صوبیدار سندیپ سنگھ (شوٹنگ) بھی ان فوجی جوانوں میں شامل ہیں جو ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے مقابلہ کریں گے۔