سڈنی، 4 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بارڈر-گاوسکر ٹرافی سیریز کے پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد جاری قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ تو ہٹائے گئے ہیں اور نہ ہی ان کا ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ ہے۔روہت نے ہفتہ کو ایک انٹرویو کے دوران اپنے ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کے بارے میں یہ باتیں کہیں۔ ہندستانی کپتان نے مضبوطی سے کہا کہ ان کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے 16 رکنی اسکواڈ سے روہت کو باہر کئے جانے سے ڈریسنگ روم میں ممکنہ تناؤ کے بارے میں میڈیا میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں، جب کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیرکے ذریعہ میچ کے لیے روہت کی دستیابی کی تصدیق کرنے سے انکار کے بعد ان قیاس آرائیوں کو ہوا ملی تھی۔روہت نے کہا کہ ٹیم سے ان کی دستبرداری مکمل طور پر رضاکارانہ تھی اور ٹیم کی ضروریات کے مطابق تھی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں ہے۔ میں اس کھیل سے دور نہیں جا رہا ہوں۔ ٹیم کو اتنے اہم میچ کے لیے ان فارم کھلاڑیوں کی ضرورت تھی۔ہندوستان کے آئندہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا، ’’اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ میں اب سے دو ماہ یا پانچ ماہ بعد رنز بناؤں گا۔ مجھے یقین ہے کہ چیزیں بدل جائیں گی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ مجھے حقیقت پسند بھی ہونا پڑے گا۔روہت نے ناقدین کو سیدھا جواب دیتے ہوئے کہا، ”بیرونی رائے ان کے کیریئر کے بارے میں فیصلہ نہیں کرے گی۔