بنگلورو 7اپریل:لوک سبھا انتخابات کے لیے انڈین یونین مسلم لیگ نے کرناٹک میں انڈیا الائنس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر این جاوید اللہ نے اس حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس کا مقصد مرکز میں کانگریس و سیکولر انڈیا الائنس کی حکومت کا قیام بتایا ہے۔ انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کرناٹک کمیٹی کے ریاستی صدر این جاوید اللہ نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ کی نیشنل کمیٹی کی ہدایات کے مطابق کرناٹک کی ریاستی کمیٹی نے متفقہ طور پر کرناٹک کی کل 28 لوک سبھا حلقوں میں انڈیا الائنس کے تمام امیدواروں کی حمایت کرنے اور کامیاب بنانے کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ریاستی صدر این جاوید اللہ نے مزید کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ قومی سظح پر انڈیا الائنس کی حمایت کررہی ہے۔ لہذا کرناٹک ریاستی کمیٹی نے بھی کرناٹک کے تمام لوک سبھا حلقوں میں انڈیا الائنس کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے کے مرکز میں کانگریس اور انڈیا اتحاد کی قیادت میں ایک سیکولر حکومت قائم ہوسکے گی۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں 26اپریل اور 7مئی 2024 کودو مرحلوں میں لوک سبھا انتخابات ہوں گے۔