سرینگر 30اپریل: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے حال ہی میں لداخ دورہ کے دوران وہاں کے نوجوانوں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مرکز کے زیر انتظام اس خطہ کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کی ویڈیو راہل گاندھی نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے ایک بیان بھی جاری کیا ہے، جس میں لداخ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’لداخ کے نوجوانوں نے مجھے بتایا کہ کس طرح ان کے خوبصورت آشیانوں کو ایک ’پولیس راج‘ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقامی لوگوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے، ان کے جمہوری حقوق کو کچلا جا رہا ہے اور ان کی زمینوں کے ساتھ ساتھ حساس ماحولیات کو بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی صنعت کار دوستوں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے واضح کیا کہ لداخ کے لوگ ترقی کے خلاف نہیں ہیں، بلکہ وہ روزگار اور صنعتی مواقع چاہتے ہیں۔ لداخ کے نوجوان ایسی ترقی کے حامی ہیں جس سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچے۔ ان کے مطابق موجودہ پالیسیوں میں مقامی لوگوں کے مفادات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔









