تاروبا/ڈلاس، 28 مئی (یو این آئی) امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں 4 جون سے شروع ہونے والے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پریکٹس میچ کے پہلے دن نمیبیا نے یوگنڈا کو، عمان نے نیو پاپوا گنی اور کینیڈا نے نیپال پر جیت حاصل کی۔ نمیبیا بمقابلہ یوگنڈا کا میچ پیر کی رات کھیلا گیا۔ نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی یوگنڈا کی ٹیم نے راجر مکاسا ناٹ آؤٹ (51) اور رابنسن اوبوا کی 38 رنز کی شاندار اننگز کی بنیاد پر 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 138 رنز بنائے۔ نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل اور ایرارڈ ایراسمس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ بین شیکونگو اور ڈیلن لیچٹر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نکولس ڈیولن (54) اور جے پی کوٹجے (29) کی اننگز کی بدولت نمیبیا نے 18.5 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 135 رنز بنا کر میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔ یوگنڈا کی جانب سے ہنری سینسینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ منیر اسماعیل، بلال حسن اور کوسماس کیوٹا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔کینیڈا بمقابلہ نیپال کے پریکٹس میچ میں کینیڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو 63 رنز سے شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیڈا نے نکولس کرٹن (52) کی نصف سنچری، رویندرپال سنگھ کے 17 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 41 رنز اور نونیت دھالیوال (32) کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 183 رنز بنائے۔ نیپال کی جانب سے ابیناش بوہرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کرن کے سی، سومپال کامی، گلشن جھا، للت راج بنشی اور ساگر دھکل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیپال کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کشال مالا (37)، انیل شاہ (24)، آصف شیخ (22) اور کشال بھرٹیل (10) سب سے زیادہ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ باقی ماندہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگرز تک نہیں پہنچ سکا۔
کینیڈا کی جانب سے ڈیلن ہیلنگر نے چار، جیریمی گورڈن اور سعد بن ظفر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کلیم ثنا اور پرگٹ سنگھ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
تیسرا میچ پاپوا نیو گنی بمقابلہ عمان کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں عمان نے پاپوا نیو گنی کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ پاپوا نیو گنی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 137 رنز بنائے۔ پاپوا نیو گنی کے لیے لیگا سیاکا نے سب سے زیادہ رن (28)، سیس باؤ (18)، الی ناؤ ناٹ آؤٹ (17)، کبوا واگی موریا (14) اور کپتان اسد والا (14) بنائے۔ عمان کی جانب سے عاقب الیاس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ بلال خان نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ مہران خان اور ذیشان مقصود نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ذیشان مقصود (45)، خالد خیل (27) اور محمد ندیم (22) کی اننگز کی بنیاد پر عمان نے 19.1 اوورز میں سات وکٹوں پر 141 رنز بنا کر تین وکٹوں سے میچ جیت لیا۔پاپوا نیو گنی کی جانب سے چارلس امینی، الی ناؤ اور کبوا واگی موریا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سیمو کامیا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔