بسٹو آرسیزیو، 11 مارچ (یو این آئی) ہندوستان کے نشانت دیو نے ورلڈ باکسنگ کوالیفکیشن ٹورنامنٹ کے 71 کلوگرام وزن زمرے کے پری کوارٹر فائنل میں متفقہ فیصلے سے یونان کے کرسٹوس کیریٹس کو 5-0 سے شکست دی۔ اس کے ساتھ نشانت پیرس 2024 اولمپک کوٹہ حاصل کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔بائیں ہاتھ کے ہندوستانی باکسر نے اتوار کو کھیلے گئے میچ کے پہلے راؤنڈ میں جارحانہ موقف اور دفاعی کھیل کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد دوسرے راؤنڈ میں نشانت نے کیرائٹس کو ایک طاقتور پنچ مارا جس نے حریف کو اسٹینڈنگ کاونٹ پر مجبور کردیا۔ایک اسٹینڈنگ آٹھ کاونٹ جسے پروٹیکشن کاونٹ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایک باکسنگ فیصلہ کال ہے جو ایک باؤٹ کے دوران ریفری کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ ریفری آٹھ تک گنتا (کاونٹ) کرتا ہے۔ اس دوران ریفری فیصلہ کرے گا کہ آیا باکسر جاری رکھ سکتا ہے یا نہیں۔اپنے مقابلے کے بعد نشانت نے کہا، میں بہت خوش ہوں۔ میں اس میچ کے لیے پوری طرح تیار تھا۔ مجھے امید ہے کہ میں پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلوں گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا، “میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ پورے ٹورنامنٹ کی تیاری کی تھی۔ اب اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے صرف ایک اور میچ باقی ہے، مجھے امید ہے کہ میں اس میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔‘‘ تئیس سالہ باکسر نشانت دیو اگلے پیر کو ورلڈ چیمپیئن شپ سلور میڈلسٹ امریکہ کے اوماری جونز کے خلاف کوارٹر فائنل میچ کھیلیں گے۔ اس مقابلے میں جیت کے ساتھ ہی نشانت کو اولمپکس میں مردوں کے 71 کلوگرام زمرے میں ہندوستان کے لیے کوٹہ ملے گا۔اس سے قبل نشانت نے راؤنڈ آف 32 میں متفقہ فیصلے کے ذریعے جارجیا کے ٹوکیو اولمپین اسکرخان میڈییف کو شکست دی تھی۔