باستو آرسیزیو، 06 مارچ (یو این آئی) عالمی چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے نشانت دیو نے مردوں کے 71 کلوگرام زمرے میں اولمپک باکسنگ کوالیفائر میں آج برطانوی باکسر لیوس رچرڈسن کو 3-1 سے شکست دے کر اپنی مہم کی شاندار شروعات کی۔نشانت نے کامن ویلتھ گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے رچرڈسن کے خلاف شروع سے ہی جارحانہ موقف اختیار کیا اور پہلا راؤنڈ 4-1 سے جیت لیا۔اس کے بعد ہندوستانی باکسر نے اپنی عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے دوسرا راؤنڈ بھی 5-0 سے جیت لیا۔
نشانت نے تیسرے راؤنڈ میں اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے دفاعی انداز اپنایا اور بالآخر تقسیم کے فیصلے سے جیت گئے۔چھ بار ایشین چیمپئن شپ کا تمغہ جیتنے والے شیو تھاپا کو 63.5 کلوگرام کے زمرے میں موجودہ عالمی چیمپئن ازبکستان کے روسلان عبدلائیف سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
رسلان نے شروع سے ہی جارحانہ رویہ اپنایا اور ہندوستانی باکسر کو دفاعی انداز اپنانے پر مجبور کردیا۔ ریفری نے پہلے راؤنڈ میں ہی فائٹ روک دی اور ازبک باکسر کو فاتح قرار دیا۔
دریں اثنا، قومی چیمپئن لکشیا چاہر (80 کلوگرام) بھی ایسٹ ایشین چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ایران کے گشلگی میسم سے ہار کر مقابلے سے باہر ہو گئے۔