بھوپال، 25 فروری (رپورٹر) مختلف مقامات پر بننے والے موسمی نظام کی وجہ سے خلیج بنگال سے آرہی مسلسل نمی کی وجہ سے مدھیہ پردیش کے کئی شہر پیر سے ابر آلود ہو سکتے ہیں۔ نرمداپورم اور جبل پور ڈویژن کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔ اس دوران ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی حصوں میں بارش اور ژالہ باری کی وارننگ جاری کی ہے۔ 25 فروری سے 28 فروری تک ریاست کا موسم خراب رہ سکتا ہے۔ اس دوران کئی اضلاع میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ ایک تازہ مغربی ڈسٹربنس 26 فروری سے مغربی ہمالیائی خطہ کو متاثر کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان کے وسطی علاقوں اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ایک گردابی موسم سرگرم ہے۔ ان موسمی نظاموں کی وجہ سے مدھیہ پردیش کا موسم بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ آج 25 فروری کو مشرقی مدھیہ پردیش میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ 26 اور 27 فروری کو پوری ریاست کے مختلف حصوں میں ژالہ باری کا امکان ہے۔