پٹنہ31جنوری: بہار میں وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت والی نئی این ڈی اے حکومت کو 10 فروری کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔ پارلیمانی امور کے محکمہ کی طرف سے منگل کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجٹ اجلاس کے پہلے دن گورنر راجندر وشواناتھ ارلیکر کے دونوں ایوانوں سے روایتی خطاب کے بعد حکومت اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔ خیال رہے کہ جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار نے ڈرامائی ہلچل کے بعد اتوار کو ریکارڈ نویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ انہوں نے حزب اختلاف کے ‘انڈیا اتحاد سے تعلقات توڑ لیے اور اپنی پرانی اتحادی بی جے پی کے ساتھ مل کر نئی حکومت بنائی، جس کے ساتھ اس نے دو سال قبل تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ بہار مقننہ کا یہ اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے، کیونکہ این ڈی اے کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان، آر جے ڈی کے ایم ایل اے اودھ بہاری چودھری نے ابھی تک اسمبلی کے اسپیکر کا عہدہ نہیں چھوڑا ہے، جن کے خلاف بی جے پی نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پچھلی این ڈی اے حکومت کی طرح بی جے پی اسمبلی اسپیکر کا عہدہ اپنے پاس ہی رکھے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی میں اس عہدے کے لیے جن ناموں پر غور کیا جا رہا ہے ان میں نند کشور یادو اور امریندر پرتاپ سنگھ بھی شامل ہیں۔