پٹنہ 9 فروری ( یواین آئی )بہار کی تین بڑی بائیں بازو کی پارٹیوں کی میٹنگ آج مالے قانون ساز پارٹی کے دفتر ویر چند پٹیل میں ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت مالے کے ریاستی سکریٹری کنال نے کی۔ میٹنگ میں سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری۔ رام نریش پانڈے، جانکی پاسوان اور سوریا کانت پاسوان، سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری۔للن چودھری، ارون کمار مشرا اور ،سروودے شرما اور مالے کی جانب سے کنال کے علاوہ دھیریندر جھا اورکے ڈی یادو موجود تھے۔بائیں بازو کی جماعتوں نے کہا کہ بایاں محاذ مودی حکومت کی طرف سے عوام کے ہر طبقہ کے حقوق، جمہوریت، آئین اور ملک کے وفاقی ڈھانچے پر بڑھتے ہوئے فاشسٹ حملے کے خلاف جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ آئندہ انتخابات میں ملک کے عوام ایسے فاشسٹ راج کا خاتمہ ضرور کریں گے۔ بی جے پی کی طرف سے ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعے اپوزیشن پارٹیوں اور حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل سازشیں رچی جا رہی ہیں اور آج تمام آئینی اداروں کی خود مختاری تقریباً ختم کر دی گئی ہے۔ بہار میں اقتدار پر قبضہ کرنے کی ان کی بے چینی سب کو معلوم تھی۔ کرناٹک، جھارکھنڈ، دہلی، مغربی بنگال وغیرہ جیسی ریاستوں میں بھی یہ مسلسل اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنا رہی ہے اور اپوزیشن حکومتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔