نئی دہلی 9جون: نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت سازی اپوزیشن لیڈران کی سخت تنقیدوں کے دوران بی جے پی کے اندر سے بھی مخالفت کی آواز بلند ہوئی ہے۔ یہ آواز بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی ہے جنہوں نے نتیش کمار اور چندرا بابو نائیڈو کے حوالے سے مودی کی گارنٹی سے بی جے پی کو دھوکہ ملے گا۔ سبرا منیم سوامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ہے کہ ’مودی کی نائیڈو-نتیش کی گارنٹی؟ دھوکہ یقینی طور پر بھارتیہ جنتا کو۔‘ امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی میں پروفیسر رہے سبرامنیم سوامی چھ بار کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ بی جے پی کے لیڈر ہیں اور وقتاً فوقتاً نریندر مودی پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔ اس سے پہلے نتائج کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی کو اکثریت نہ ملنا بڑا نقصان ہے۔ ’فال آف مودی اینڈ فیوچر رائیز آف بی جے پی‘ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو سینٹرلائز کر رکھا ہے۔ پارٹی کے اندر انتخابات نہیں ہوتے ہیں۔ نریندر مودی نے خود مختاری کا طریقہ اپناتے ہوئے سبھی کو سائیڈ لائن کر دیا ہے۔ انہوں نے جو سسٹم بنا رکھا ہے اس میں صرف ’سائیکو فین‘ ہی زندہ رہ سکیں گے۔