پٹنہ 20جنوری:بہار ریاستی جنتا دل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے صدر امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پالیسیوں اور فلاحی اسکیموں کی وجہ سے ریاست کا ایک بڑا طبقہ گزشتہ 9 سالوں میں کثیر جہتی غربت سے باہر نکل آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کی طرف سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 9 سالوں میں بہار کے 3 کروڑ 77 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے باہر آئے ہیں۔ بہار کی غربت کی شرح 51.89 فیصد سے کم ہو کر 33.76 فیصد پر آگئی ہے۔مسٹر امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ حکومت ہند کے نیتی آیوگ کے ذریعہ کثیر جہتی غربت کو تعلیم، صحت اور معیار زندگی میں بہتری کے پیمانے پر ناپا جاتا ہے اور یہ پوری ریاست کے لئے فخر کی بات ہے کہ ان تمام پیرامیٹرز میں بہار کا مقام دوسری ریاستوں سے بہت بہتر ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی گزشتہ 18 سالوں میں کی گئی ایماندارانہ کوششوں کی وجہ سے بہار ایک بیمار ریاست سے ترقی یافتہ ریاست بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش حکومت عوام سے نہ صرف وعدے کرتی ہے بلکہ ان وعدوں کو اپنی فلاحی پالیسیوں اور اسکیموں کا حصہ بھی بناتی ہے۔ جس کے مثبت نتائج اب سامنے آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے محدود وسائل کے باوجود ملک اور دنیا میں بہار کی ترقی کی ایک شاندار مثال پیش کی ہے۔ آج ، نتیش کمار کی پالیسیوں کی پوری دنیا میں ستائش ہو رہی ہے۔