میلبورن، 28 دسمبر (یو این آئی) نتیش کمار ریڈی کی ناقابل شکست سنچری (105) اور واشنگٹن سندر (50) کے ساتھ مشکل وقت میں 127 رن کی بے مثال پارٹنرشپ کی مدد سے ہندوستان نے چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کو اپنی پہلی اننگ میں نو وکٹ پر 358 رنز بنالئے تھے۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روکے جانے کے وقت ریڈی کا ساتھ دینے کے لئے آخری وکٹ کے طورپر محمد سراج دو رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔ ہندوستان اب بھی آسٹریلیا کے پہلی اننگ 474 رنز کے اسکور سے 109 رنز پیچھے ہے۔آج کے کھیل کے پہلے سیشن میں رشبھ پنت (28) اور رویندر جڈیجہ (17) کا وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان پرفالو آن کا خطرہ منڈلانے لگا تھا، لیکن ایک سرے پر نظریں جما چکے ریڈی جنہوں نئے بلے باز سندر کے ساتھ مل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فالو آن کے خطرے سے باہر نکالا بلکہ کھیل کے دوسرے سیشن کو بغیر نقصان کے گزار کر مضبوط ارادوں کے ساتھ ٹیم کو جدوجہد کے ٹریک پر لاکر کھڑا کردیا۔دونوں بلے بازوں نے چائے کے وقت تک ہندوستان کے اسکور بورڈ پرسات وکٹوں پر 326 رنز بنالئے تھے۔ اس کے بعد پہلے ہلکی بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد سندر نے اپنی نصف سنچری 162 گیندوں میں مکمل کی جس میں ان کا واحد چوکا شامل تھا۔ تاہم اس کے فوراً بعد سندر ناتھن لیون کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے اور آسٹریلیا کا اس جوڑی کو توڑنے کا میراتھن انتظار ختم ہو گیا۔ نئے بلے باز بمراہ (0) کو آؤٹ کرنے میں پیٹ کمنز کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی۔ اس دوران نتیش نے بھی اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری 171 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے مکمل کرلی۔
اس سے پہلے، ہندوستان نے آج اپنے کل کے اسکور پانچ وکٹ پر 164 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو آج پہلا جھٹکا کھیل کے تیسرے اوور میں لگا جب ریشبھ پنت (28) اسکاٹ بولینڈ کی گیند پر لیون کے ہاتھوں لپکے گئے۔ حالانکہ امپائر نے رشبھ کو شک کا فائدہ دیا لیکن آسٹریلیا کی طرف سے لیا گیا ریویو امپائر کو قبول کرنا پڑا۔ دوسرے سرے پر رویندرا جڈیجہ (17) نے چند اوورز تک جدوجہد کی لیکن وہ بھی نیتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دئے گئے۔ اس بار ہندوستان نے آن فیلڈ امپائر کے فیصلے کو چیلنج کیا لیکن اسے ریویو کے ذریعے مسترد کر دیا گیا۔بعد میں واشنگٹن سندر کریز پر پہلے سے موجود نتیش کا ساتھ دینے آئے اور دونوں بلے بازوں نے کھانے کے وقفے اور چائے کے وقت تک کا وقت بغیر کسی نقصان کے نکال دیا۔
اس دوران نتیش نے 81 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس دوران آسٹریلیا نے خطرناک جوڑی کو توڑنے کے لیے باؤلرز کو تبدیل کرکے بہت سی کوششیں کیں اور 80 اوورز کے بعد نئی گیند سے بھی دونوں کو ڈرانے کی بھی کوشش کی لیکن ان کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔