نئی دہلی، 16مئی (یو این آئی) دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد میدان میں آنے مجھے سب کی حمایت ملی اور ہر چیز پسند آئی۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر وقت میدان میں رہنا چاہتا ہوں۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف جیت کے بعد پنت نے کہا ’’سب کو معلوم تھا کہ میں ڈیڑھ سال بعد کھیل رہا ہوں۔ مجھے میدان سے باہر واپسی کے لیے کافی دیر انتظار کرنا پڑا۔ میدان میں آنے کے بعد مجھے ہر چیز پسند آئی۔
میں اب اس سے بالکل دور نہیں رہنا چاہتا۔ میں ہر وقت میدان میں رہنا چاہتا ہوں۔‘‘انہوں نے کہا “میرے خیال میں ذاتی طور پر میرے لیے میدان میں واپس آنا بہت اچھا تجربہ تھا۔ مجھے پورے ہندوستان میں جس طرح کی حمایت ملی وہ حیرت انگیز تھی۔ میں یہ دیکھ کر کافی خوش ہوا۔ میں جہاں بھی کھیلنے گیا مجھے سب کا تعاون ملا۔اس سیزن میں ٹیم میں مختلف مسائل پر انہوں نے کہا “ہم نے سیزن کا آغاز بڑی توقعات کے ساتھ کیا۔ تاہم، کچھ کھلاڑیوں کی چوٹیں، کئی اتار چڑھاؤ اور کچھ کھلاڑیوں کی بیماری ہمیں بہت مہنگی پڑی۔ تاہم، بطور فرنچائز آپ ہر وقت شکایت نہیں کر سکتے۔ آپ کے ہاتھ میں جو کچھ بھی ہے، اس کا آپ کو سب سے اچھا استعمال کرنا ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ ہم پلے آف کے بہت قریب تھے۔
جیسا کہ آپ آخری میچ تک دیکھ سکتے ہیں کہ ہم پلے آف کے لیے قریبی مقابلے میں ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ کچھ ایسی چیزیں ہیں جنہیں آپ کنٹرول کر سکتے ہیں، اور کچھ چیزیں ایسی ہیں جنہیں آپ کنٹرول نہیں کر سکتے۔ پچھلے میچ میں نہیں کھیل سکا۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ اگر میں کھیلتا تو ہم یقینی طور پر جیت جاتے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس کوالیفائی کرنے کا بہتر موقع ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے مسلسل کوشش کی کہ میدان میں اپنا 100 فیصد دوں۔ وہ اس سیزن میں دہلی کیپٹلز کے ٹاپ اسکورر تھے، جنہوں نے 13 میچوں میں 155.40 کے اسٹرائیک ریٹ سے 446 رن بنائے۔