تراوننت پورم23نومبر:کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار پرینکا گاندھی کی جیت یقینی نظر آ رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ووٹوں کی گنتی کے جو نمبرات پیش کیے گئے ہیں، اس کے مطابق پرینکا اپنے قریبی حریف سی پی آئی امیدوار ستین موکیری سے 4.11 لاکھ ووٹوں سے آگے چل رہی ہیں۔ اس سیٹ پر بی جے پی امیدوار نویا ہریداس تیسرے مقام پر ہیں۔ وائناڈ سیٹ پر جیت کی مہر لگنے سے عین قبل پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے عوام کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنان اور اپنے اہل خانہ کو بھی شکریہ کہا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’وائناڈ کے میرے پیارے بھائیوں اور بہنوں، آپ نے مجھ پر جو بھروسہ ظاہر کیا ہے، اس کے لیے میں آپ سبھی کی بہت بہت شکرگزار ہوں۔ میں یہ یقینی کروں گی کہ آپ محسوس کریں کہ یہ جیت آپ کی جیت ہے اور جس شخص کو آپ نے اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے، وہ آپ کی امیدوں اور خوابوں کو سمجھتا ہے، اور آپ کے لیے لڑتا ہے۔ میں پارلیمنٹ میں آپ کی آواز بننے کے لیے پُرجوش ہوں۔‘‘ اس پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’مجھے یہ عزت دینے کے لیے اور جس طرح سے آپ نے مجھے بے پناہ محبت دی ہے، اس کے لیے آپ سبھی کا بہت بہت شکریہ۔‘‘