نئی دہلی7نومبر:لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے ایک مضمون پر بی جے پی لیڈران نے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اب راہل گاندھی نے ان کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیا ہے۔ اس میں انھوں نے کہا ہے کہ بی جے پی لیڈران کے ذریعہ مجھے تجارت مخالف کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، لیکن میں تجارت مخالف نہیں ہوں، بلکہ اجارہ داری اور معاشی طاقت کے یکجا ہونے کا مخالف ہوں۔ راہل گاندھی نے ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ انھوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا مینجمنٹ کنسلٹنٹ کے طور پر کی تھی، اس لیے تجارت کی باریکیوں کو سمجھتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی نے میرے رخ کو غلط طریقے سے پیش کیا ہے۔ میں ملازمت کا حامی ہوں، تجارت کا حامی ہوں، اختراع کا حامی ہوں، مقابلہ آرائی کا حامی ہوں۔ میں اجارہ داری کا مخالف ہوں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہماری معیشت تبھی پھلے گی پھولے گی جب سبھی تاجروں کے لیے آزاد اور غیر جانبدار جگہ ہوگی۔‘‘ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں ایک بات بالکل صاف کر دینا چاہتا ہوں کہ بی جے پی میں میرے مخالفین نے مجھے تجارت مخالف کی شکل میں پیش کیا ہے۔ میں بالکل بھی تجارت مخالف نہیں ہوں۔ میں اجارہ داری مخالف ہوں۔ میں کچھ لوگوں کو اختیارات دینے کا مخالف ہوں۔ میں ایک یا 2 یا 3 یا 5 لوگوں کی بالادستی کا مخالف ہوں۔ میں نے اپنا کیریئر ایک مینجمنٹ کنسلٹنٹ کی شکل میں شروع کی اتھا اور سمجھتا ہوں کہ کسی کاروبار کو کامیاب بنانے کے لیے کس طرح کی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے میں بس دہرانا چاہتا ہوں کہ میں تجارت مخالف نہیں، میں اجارہ داری مخالف ہوں۔‘‘