ممبئی، 29 مئی (یو این آئی) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سرکاری نشریاتی ادارے اسٹار اسپورٹس نے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے ساتھ ایک پرومو لانچ کیا ہے۔ اسٹار اسپورٹس نے بدھ کے روز پرومو کی ویڈیو کو ٹویٹ کیا اور شیئر کیا جس میں پنت بیک گراؤنڈ میوزک کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ “دل میں ایک کسک ابھی باقی ہے، دل میں ایک دھڑک ابھی باقی ہے، اپنے قدموں پر تو ہوگیا ہوں، ابھی انڈیا کے لئے کھڑا ہونا باقی ہے،‘‘۔ ویڈیو میں رشبھ پنت ملک کو فخر، خوشی اور امید کے مشترکہ جھنڈے تلے متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں کرکٹ کے سب سے بڑے اعزاز کی تیاری کر رہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک اور دنیا کے کونے کونے میں رہنے والے ہر ہندوستانی ایک ہندوستان کے طور پر کھڑے ہوں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ہندوستانی قومی ترانے کے لیے ایک ہندوستان کے طور پر ایک ساتھ کھڑے ہوں اور نیلے کپڑوں میں موجود لوگوں کے تئیں اپنے اعتماد کا اظہار کریں اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں جو ہمارے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں۔