نئی دہلی 27اپریل: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے روز گجرات کا دورہ کیا جہاں ولساڈ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی پر زوردار انداز میں حملہ آور ہوئیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اب تک کئی وزرائے اعظم کو دیکھ چکی ہیں، وہ عوام کے سامنے جھوٹ نہیں بولتے تھے، لیکن موجودہ وزیر اعظم جھوٹے بیانات دینے میں ماہر ہیں۔ پرینکا گاندھی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ برسراقتدار طبقہ (بی جے پی) کی اعلیٰ قیادت بھلے ہی ابھی اس بات (آئین میں تبدیلی) سے انکار کرنے کا دِکھاوا کر رہا ہو، لیکن اگر پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئی تو وہ آئین بدل دے گی اور عوام کو ان کے حقوق سے محروم کر دے گی۔ پی ایم مودی کی آبائی ریاست گجرات کے ولساڈ واقع دھرم پور گاؤں میں ’نیائے سنکلپ ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے اپنے والد راجیو گاندھی کی شہادت کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے کئی وزرائے اعظم دیکھے ہیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ وہ صرف میرے کنبہ کے رکن تھے۔ اندرا گاندھی تھیں جو ملک کے لیے قربان ہو گئیں، شہید ہو گئیں۔ راجیو گاندھی جی بھی تھے، میں ان کو ٹکڑوں میں گھر لائی۔ شہید ہو گئے اس ملک کے لیے۔ منموہن سنگھ جی بھی تھے جو اس ملک میں انقلاب لائے… کانگریس پارٹی سے نہ دیکھیں تو (اٹل بہاری) واجپئی جی بھی تھے جو کم از کم مہذب انسان تھے۔ میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ یہ (نریندر مودی) ملک کے پہلے وزیر اعظم ہوں گے جو آپ کے سامنے اس طرح سے جھوٹ بولتے ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی دھرم پور گاؤں میں ایس ٹی (درج فہرست قبائل)-ریزرو ولساڈ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار اننت پٹیل کی حمایت میں انتخابی تشہیر کے مقصد سے یہاں آئی تھیں۔ اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈران اور امیدوار کہہ رہے ہیں کہ وہ آئین بدل دیں گے، لیکن وزیر اعظم مودی اس سے انکار کر رہے ہیں۔ یہ ان کی پالیسی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’شروع میں وہ اس سے ہمیشہ انکار کریں گے جو وہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد وہ اسے نافذ کریں گے۔ وہ عوام کو کمزور کرنے اور انھیں ہمارے آئین میں دیے گئے حقوق سے محروم کرنے کے لیے آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔‘‘