نئی دہلی :28؍ستمبر :بنگلہ دیش کے خلاف ٹی-20 سیریز کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سوریہ کمار کی قیادت میں ٹیم کے زیادہ تر سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل میں 150 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کر کے سب کی توجہ حاصل کرنے والے تیز گیند باز مینک یادو کو موقع دیا گیا ہے۔ورون چکرورتی اور ابھیشیک شرما کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ جبکہ سنجو سیمسن اور جیتیش شرما کو وکٹ کیپر منتخب کیا گیا۔ ہاردک پانڈیا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 6 اکتوبر سے ہوگا۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹیم سے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ ان میں تیز گیند باز جسپریت بمراہ، شبمن گل، یاشاسوی جیسوال، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، رشبھ پنت اور محمد سراج شامل ہیں۔ تمام کھلاڑی بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھی ٹیم انڈیا کا حصہ ہیں۔لکھنؤ سپر جائنٹس کے لیے آئی پی ایل کھیلنے والے مینک یادو کو پہلی بار ہندوستانی ٹیم میں موقع ملا ہے۔ لکھنؤ کے لیے کھیلتے ہوئے انھوں نے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے گیند کر کے سب کو حیران کر دیا۔ وہ 4 میچوں میں 7 وکٹیں لینے کے بعد زخمی ہو گئے۔ صحت یاب ہونے کے بعد اب انہیں ہندوستانی ٹیم میں موقع ملا ہے۔
رشبھ پنت کو آرام دینے کے بعد سنجو سیمسن اور جیتیش شرما کی شکل میں 2 وکٹ کیپرز کا انتخاب کیا گیا۔ ایشان کشن کو 15 رکنی اسکواڈ میں موقع نہیں ملا۔ ٹیم میں ہاردک پانڈیا، ریان پراگ، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر اور شیوم دوبے کی شکل میں 5 آل راؤنڈر شامل ہیں۔ فاسٹ باؤلرز میں مینک کے ساتھ ارشدیپ سنگھ اور نوجوان ہرشیت رانا کو بھی موقع ملا۔ روی بشنوئی کو بھی اسپن ڈپارٹمنٹ میں منتخب کیا گیا۔ٹیم انڈیا اسطرح ہے:سوریہ کمار یادو (کپتان)، ہاردک پانڈیا، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، رنکو سنگھ، ریان پراگ، نتیش کمار ریڈی، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، ورون چکرورتی، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، ارشدیپ سنگھ ،ہرشت رانا اور میانک یادو۔